مینگلور 7/جولائی (ایس او نیوز) مینگلور کے مضافاتی علاقہ سسی ہتلو میں بحر عرب کی اونچی اُٹھتی لہروں میں تیرنے کے لئے اُترے چار لوگوں میں سے دو لوگ سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگئے جبکہ دیگر دو کو مقامی لوگ بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ واردات آج اتوار شام کو پیش آئی۔ بتایا گیا ہے کہ جن دو وگوں کو بچایا گیا ہے ، اُس میں ایک کی حالت بے حد خراب ہے اور نازک حالت میں مینگلور کے پرائیویٹ اسپتال میں لے جایا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سات لوگوں پر مشتمل ایک ٹیم کسی اسپورٹس میں حصہ لینے کے لئے سسی ہتلو نامی مقام پر پہنچے تھے جس میں سے چار لوگ سمندر میں تیرنے کے لئے اُترگئے تھے۔
جو دو لوگ سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوئے ہیں اُن کی شناخت مینگلور کے بجپے سدھارتھ نگر کے رہنے والے سُوجیت (32) اور کاوور کے رہنے والے گروپرساد (28) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بجپے کے رہنے والے سیجین اور کارتھک نامی دو لوگوں کو مقامی لوگ بچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس میں سے سیجین کی حالت کافی نازک بتائی گئی ہے۔
اطلاع ملی ہے کہ سمندر میں اُترنے والے چاروں لوگوں کو مقامی لوگوں نے کافی روکنے کی کوشش کی تھی اور بتایا تھا کہ سمندر میں اونچی اُٹھتی لہروں کے بیچ تیرنا گویا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے لہٰذا وہ سمندر میں نہ جائیں مگر مقامی لوگوں کی باتوں کی پرواہ کئے بغیر یہ لوگ سمندر میں اُترے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ چاروں لوگ جب اونچی اُٹھتی سمندری لہروں میں غوطے کھانے لگے اور سمندری موجیں اُنہیں اپنے ساتھ بہا لے جانے لگی تو مقامی لوگوں نے فوری طور پر ان کی مدد کرنے کی کوشش کی اور کافی کوششوں کے بعد دو لوگوں کو کنارے تک لانے میں کامیاب ہوگئے، البتہ دیگر دو لوگ سمندری موجوں میں بہتے چلے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بچائے گئے دو میں سے ایک شخص کی حالت کافی خرب ہوگئی تھی اور وہ تھک کر نہایت سست ہونے سے اُس کی آدھی جان نکل چکی تھی، مگر مقامی لوگ اُسے کسی نہ کسی طرح بچاکر کنارے تک لانے میں کامیاب ہوگئے۔
سورتکل پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیاہے۔